بنی گالہ رہائشگاہ کے اطراف سیکیورٹی پر خدشات کا اظہار

Last Updated On 05 August,2018 11:04 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کےمتوقع وزیراعظم کی رہائشگاہ کی سیکیورٹی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منسٹرز انکلیو اور بنی گالہ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا اور عمران خان کو لاحق سیکیورٹی خطرات سے آگاہ بھی کیا۔

سیکیورٹی اداروں نے عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ اور منسٹرز انکلیو کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔ جس کے مطابق دونوں مقامات کےاطراف باؤنڈری وال ہے نہ سیکیورٹی چیک پوسٹ، دونوں مقامات سے کسی فرد کو با آسانی ٹارگٹ کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ منسٹرز انکلیو کا سپیکر ہاؤس وزیراعظم کی رہائش گاہ بنانے کیلئے غیر محفوظ ہو گا۔ ان خدشات کے حوالے سے تحریک انصاف کے 2 سینئر رہنماؤں کو آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ بنی گالہ میں رینجرز کی پٹرولنگ کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے حکام نے پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنماء سے دوبارہ ملاقات کی اور عمران خان کو لاحق سیکیورٹی خطرات کا بتایا۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام صورتحال سے متوقع وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔