راولپنڈی: سلنڈر کی دکان میں آتشزدگی، 2 افراد زخمی

Last Updated On 30 July,2018 12:04 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے گلاس فیکٹری میں سلنڈر کی دکان میں لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، سلنڈر دھماکوں سے لگنے والی آگ سے 2 منزلہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ 2 افراد جھلس کر معمولی زخمی ہوگئے۔

امدادی ذرائع کے مطابق گلاس فیکٹری روڈ پر قاسم آباد میں قائم ایل پی جی گیس سلنڈروں کی غیرقانونی دکان میں گیس لیکج سے دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی جس کے تھوڑی دیر بعد مزید سلنڈر دھماکے سے پھٹنے سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوگیا.

ریسکیو کے 6 فائرٹینڈرز نے آگ بجھانے کی کاروائیوں میں حصہ لیا، سلنڈروں سے گیس لیکج کے باعث علاقہ مکینوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا بھی کرنا پڑا، امدادی ٹیموں نے 1 گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا، سلنڈر پھٹنے اور آگ لگنے سے 2 منزلہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور آگ لگنے کے دوران 2 افراد جھلس کر معمولی زخمی ہوگے، زخمیوں کو طبی امداد کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔