راولپنڈی: (دنیا نیوز) پمز ہسپتال کی 5 رکنی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ مکمل کرلیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق سابق وزیرا عظم کے دل کے تمام ٹیسٹ تسلی بخش ہیں۔
5 رکنی میڈیکل ٹیم ای سی جی اور ایکو کے لیے تمام میڈیکل آلات اڈیالہ جیل لے کر آئی۔ ڈاکٹرز کی ٹیم نے تقریباً 2 گھنٹے تک نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا اور ان دل کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔ میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طور پر تمام ٹیسٹ کو نارمل قرار دے دئیے جبکہ حتمی رپورٹ، ٹیسٹ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد جاری کی جائے گی۔
میڈیکل ٹیم پمز ہسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر اعجاز قدیر کی سربراہی میں ڈاکٹر شجیع، ڈاکٹرمشہود، ڈاکٹر سہیل تنویر اور ڈاکٹر نعیم پر مشتمل تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم اپنی رپورٹ آئی جی جیل خانہ جات لاہور کو بھجوائے گی، رپورٹ کی روشنی میں سابق وزیراعظم کو ہسپتال منتقل کرنے یا نہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔