خیبر پختونخوا کی سیاسی تاریخ میں تبدیلی، عوام کی توقعات میں اضافہ

Last Updated On 28 July,2018 05:12 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف ایک بار پھر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، گزشتہ دور حکومت میں پی ٹی آئی نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کی، اس بار عوام کی توقعات میں اضافہ ہوگیا۔

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی سیاسی تاریخ کی واحد جماعت ہے جسے دوسری مرتبہ حکومت بنانے کا موقع ملا ہے۔ گزشتہ دور حکومت میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، کپتان کی حکومت کی نئے پاکستان میں ترجیحات کیا ہونگی، اس حوالے سے عوام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پچھلے دور میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کی کوشش تو کی گئی تاہم نئے ہسپتالوں کے قیام کی طرف توجہ نہیں دی گئی، اس بار نئے ہسپتال بنائے جائیں۔ صوبائی دارالحکومت کے عوام اس بار وزارت اعلیٰ کا عہدہ بھی پشاور کو دیے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

عوامی ترجیحات میں بی آر ٹی کی تکمیل سمیت دیگر میگا پراجیکٹس کا آغاز بھی شامل ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے پہلی بار کسی سیاسی جماعت کو دوسرا موقع دیا ہے، بلاشبہ کپتان کے کھلاڑیوں کے لیے یہ موقع کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔