پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں انقلاب روڈ پر بچوں کے تنازعے پر دو طرفہ فائرنگ میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، انقلاب روڈ پر بچوں کے تنازعے پر دو گروپوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اندھا دھند فائرنگ سے غفار نامی شخص اور اس کے خاندان کے 6 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے 6 افراد کو قتل کرنے کے بعد اپنے خاندان کے ایک شخص کو بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ اندوھناک واقعے کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزمان کے مکانات پر چھاپوں کے دوران دو پستول، ایک کالاکوف اور ایک کلاشنکوف برآمد کرلئے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین کی ملزمان سے چند ماہ قبل بھی تکرار ہوئی تھی جس پر عمائدین علاقہ نے دونوں گروپوں میں صلح کرا دی تھی۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ انقلاب میں درج کر لی گئی ہے۔ بدقسمت خاندان کا تعلق افغانستان سے ہے جو 17 سال قبل پشاور منتقل ہوا تھا۔