انقلابی منشور لے کر انتخابی مہم کیلئے نکلا ہوں، بلاول بھٹو

Last Updated On 17 July,2018 08:20 pm

روات: (دنیا نیوز) بلاؤل کا روات میں کارکنان سے خطاب، پیپلزپارٹی کا مقابلہ غربت اور پسماندگی سے ہے، 25 جولائی کو تیر پر ٹھپا لگا کر میرے تمام امیدواروں کو جتوانا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کارروان جمہوریت جی ٹی روڈ پر رواں دواں، بلاول بھٹو نے روات میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی غریبوں کے مسائل حل کیے۔ انقلابی منشور لے کر انتخابی مہم کیلئے نکلا ہوں، کسانوں کیلئے بینظیر کسان کارڈ جاری کریں گے، کسان کارڈ کے ذریعے فصلوں کی انشورنس ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا اقتدار میں آکر خواتین کو بلاسود قرض دیں گے۔ ہمارا مقابلہ غربت اور پسماندگی سے ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کو روزگار فراہم کیا۔ بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت "فوڈ کارڈ" جاری کریں گے، فوڈ کارڈ کے ذریعے عوام کو اشیاء سستی قیمت پر میسر ہوں گی۔ ہر یونین کونسل میں فوڈ سٹور قائم کریں گے۔

بلاول نے کارکنان سے کہا کہ اگر آپ نے موقع دیا تو نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔ جس طرح محترمہ شہید کا ساتھ دیا اسی طرح میرا ساتھ دینا ہے، 25 جولائی کو تیر پر ٹھپا لگا کر میرے تمام امیدواروں کو جتوانا ہے۔ بلاؤل کی ریلی گوجرخان پہنچنے پر سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے پرجوش استقبال کیا اور پھول نچھاور کیے۔