اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے آنے والا وقت تحریک انصاف کا ہے، الیکشن میں جیت کے لیے پراعتماد ہوں۔ انہوں نے کہا نواز شریف اور آصف زرداری کرپشن کی علامت ہیں۔
عمران خان نے عرب نیوز کو انٹرویو میں کہا ہےکہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں جیت کے لیے وہ پراعتماد ہیں، تحریک انصاف نے بہترین انتخابی مہم چلائی ہے، اب وقت ہمارا ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا پاکستان میں فوج واحد ادارہ ہے جو شفاف طریقے سے کام کررہا ہے، دیگر ریاستی ادارے کرپشن نے تباہ کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور نون لیگ میں جو بھی چوری کرے اسے جیل میں ڈالنا چاہئے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا پر عمران خان نے کہا پہلی بار کسی طاقتور کو قانون کے مطابق سزا دی گئی، یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات بہت خاص ہیں، وزیراعظم منتخب ہو کر تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، امریکا سے باہمی مفاد کاتعلق چاہتے ہیں۔