مانسہرہ: (دنیا نیوز) نیب حکام کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پکڑنے کیلئے سرگرم، ن لیگی رہنماء کا گرفتاری دینے کا فیصلہ، تورغر سے قافلے کی صورت میں مانسہرہ روانہ ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نیب کو گرفتاری دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر تورغر سے ایک جلوس کے ہمراہ گرفتاری دینے کے لیے مانسہرہ شہر جارہے ہیں۔ اس سے قبل نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مجرمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے۔ نیب کی ٹیم نے وارنٹ گرفتاری پر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ہری پور اور ایبٹ آباد میں چھاپے مارے ، نیب ٹیم کے ہمراہ خیبر پختونخوا انتظامیہ اور پولیس بھی موجود تھی۔ یہ چھاپے محمد صفدر کی رہائش گاہوں پر مارے گئے ہیں تاہم گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
واضح رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز بیرون ملک ہونے کی وجہ سے نیب کی گرفت میں نہیں آسکے جب کہ کیپٹن صفدر منظر عام سے غائب تھے۔