'ملکی تاریخ میں پہلی بار طاقتور قانون کی پکڑ میں آگیا'

Last Updated On 07 July,2018 09:43 pm

کوہاٹ: (دنیا نیوز) اقتدار میں آتے ہی کرپشن ختم کرنے کا عزم، 8 ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرنے کا دعویٰ، ،عمران خان کا کوہاٹ میں جلسے سے خطاب، ملکی تاریخ میں پہلی بار طاقتور قانون کی پکڑ میں آگیا۔

کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار طاقتور قانون کی پکڑ میں آیا، 25 جولائی کو ہماری حکومت آئے گی تو نوجوانوں کی زندگی بدلے گی، نوجوانوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا ہے۔ بے روزگاری سب سے بڑا مسئلہ ہے، مہنگائی دوسرا بڑا مسئلہ ہے، مہنگائی بڑھنے کیوجہ سے غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سویٹزرلینڈ خوشحال ملک ہے، سویٹزرلینڈ سے بھی زیادہ خوبصورت پہاڑ پاکستان میں ہیں۔ جتنا پاکستان کا بجٹ اتنا سویٹزرلینڈ میں پیسہ سیاحت سے آتا ہے، اللہ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے۔ بلوچستان اور وزیرستان کی پہاڑیوں میں تانبہ اور سونا ہے۔ اللہ نے پاکستان کو 12 موسم دیے، بارہ موسم کا مطلب ہر پھل پاکستان میں اگا سکتے ہیں۔ کہاں سوئٹزرلینڈ اور کہاں پاکستان۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں اگر کوئی چور پکڑا جائے تو اسے 40 گاڑیاں کا پروٹوکول نہیں ملتا، سوئٹزرلینڈ میں کوئی نہیں کہتا مجھے کیوں نکالا، خیبرپختونخوا کی پولیس سوئٹزرلینڈ پولیس کی طرح بننے جارہی ہے، سوئٹزرلینڈ کے سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے بچے ملک کے وزیراعظم بن سکتے ہیں، پاکستان کےسرکاری اسکولوں میں پڑھنے والا بچہ ساری عمر مزدوری کرتا ہے۔ ہم پاکستان کواسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ مدینہ کی ریاست میں غریب لوگ تھے، نبی ﷺ نے مدینہ کی ریاست میں میرٹ کا نظام دیا۔ عدل اور انصاف کا نظام انسانوں کو آزادی دلاتا ہے۔ تھوڑے سے لوگ ملک پر قبضہ کر کے بیٹھے ہیں اور باریاں لے رہے ہیں۔ چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر دونوں جماعتوں نے مک مکا کیا تھا۔

کپتان کا کہنا تھا کہ 22 سال پہلے لوگوں کو کہا تھا کہ کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ہے، آج لوگوں کو پتا چلا کرپشن قوم کو مقروض کر دیتی ہے، اقتدار میں آکر انہوں نے ادارے تباہ کیے۔ نوازشریف نے 150 کروڑ بیرون ملک خرچ کیا، اقتدار میں آکرسب سے پہلے کرپشن کو ختم کریں گے۔ ایف آئی اے اور ایف بی آر کو ٹھیک کریں گے۔ پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا کرکے دکھاؤں گا۔ ہم ٹیکس کوکم کریں گے، ہم ملک میں قانون کی بالادستی قائم کریں گے اور اقتدارمیں آکر سادگی اختیار کریں گے۔