کراچی: سمندر میں ڈوبنے والے مزید دو بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں

Last Updated On 23 June,2018 12:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سمندر میں ڈوبنے والے مزید دو بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں، ریسکیو ٹیم کو لاشیں ویندر بوریدہ کیمپ ساحل سے ملیں، ریسکیو حکام کے مطابق، گزشتہ روز سے اب تک 6 لاشیں نکال لی گئیں۔

یاد رہے جمعے کی صبح کھارادر اور لیاری کے کچھی محلے سے یہ افراد پکنک منانے بلوچستان کے ساحلی مقام گڈانی گئے تھے، یہاں وہ پکنک منانے میں مصروف تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار لہر نے ساحل پر موجود 3 بچوں اور 3 خواتین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، یہ اطلاع ملتے ہی ساحل پر افراتفری پھیل گئی اور چیخ و پکار مچ گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹ گارڈز، ایدھی کے رضاکار، پولیس اور لیویز کے جوانوں پر مشتمل امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈوبنے والے افراد کی تلاش شروع کر دی، انہوں نے کچھ دیر کے وقفے سے ڈوبنے والے افراد کی لاشیں نکالنا شروع کر دیں اسی دوران امدادی کارروائی میں حصہ لینے کے لیے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر بھی پہنچ گئے اور تلاش کا کام شروع کر دیا۔

ایدھی کے ترجمان نے بتایا کہ 6 افراد ڈوبے تھے جن میں سے 4 لاشیں گزشتہ روز نکال کر حب سول اسپتال منتقل کر دی گئی تھیں جس کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی شناخت 12 سالہ مہک دختر شاہد، 35سالہ شاہدہ زوجہ شاہد ، 21 سالہ صدف دختر الیاس، 28 سالہ حمیرا زوجہ زاہد کے نام سے کی گئی۔