راولپنڈی: (دنیا نیوز) میئر راولپنڈی سردار نسیم کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار، الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اپیلیں منظور، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے فیصلہ سنا دیا۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے مئیر راولپنڈی سردار نسیم کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف جاوید مغل اور نورین اختر نے اپیل دائر کر رکھی تھی۔ جسٹس عبادالرحمان نے اپیلوں کی سماعت کے بعد مئیر راولپنڈی کی نااہلی ختم کردی۔ سردار نسیم نے پہلے ہی الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف حکم امتناعی لے رکھا تھا۔
مئیر راولپنڈی سردار نسیم پر الزام تھا کہ وہ مخصوص نشستوں کے انتخابی عمل پر اثر انداز ہوئے اور ووٹرز کو ووٹ دکھا کر پول کرنے پر مجبور کیا۔ الیکشن کمیشن نے 26 اپریل 2017 مخصوص نشستوں کے انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے سردار نسیم کو نااہل قرار دیا تھا۔