منڈی بہاء الدین: (دنیا نیوز) میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اب عوام کا حق حکمرانی بحال ہو گا، ووٹ کے تقدس کی جدوجہد کو نہیں چھوڑوں گا، اگلے ستر برس پچھلے سے مختلف ہوں گے۔
سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کا منڈی بہاء الدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اپنی ذات کیلئے نہیں، آپ کی نسلوں کیلئے لڑ رہا ہوں۔ میں نے اپنی ذات کی خاطر نہیں، عوام کی خاطر پیشیاں بھگتیں۔ میں اس جدوجہد کو نہیں چھوڑوں گا۔ یہ زیادتی اور ظلم اب آگے نہیں چل سکتا، انشا اللہ اب عوام کا حق حکمرانی بحال ہو گا۔
نواز شریف نے کہا کہ 70 سالوں میں ووٹ کے تقدس کا کوئی حال نہیں رہا۔ آپ کے ووٹ کو پھاڑ کر پیروں تلے روند دیا جاتا ہے۔ مجھے وزارتِ عظمیٰ سے اور مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے بھی نااہل کر دیا گیا۔ 92 پیشیاں صرف اس لئے کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔ یہ فیصلہ 25 جولائی کو انشا اللہ تبدیل ہو جائے گا۔
انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ووٹ پر پہرہ دینا ہے، ہم کسی کو دھاندلی کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ کسی نے دھاندلی کرنے کی کوشش کی تو نہیں کر سکے گا، جو کرے گا وہ اس کی سزا پائے گا۔ انہوں نے دوبارہ اس عزم کا اظہار کیا کہ 25 جولائی کو ووٹ کو عزت دینے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا اور دوبارہ مسلم لیگ ن کی حکومت آئے گی۔