لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں گزشتہ رات موسلادھار بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
اسلام آباد اور باغوں کے شہر لاہور میں مختلف مقامات پر گرچ چمک کیساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ فیصل آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم دلکش بنا دیا۔ شیخوپورہ ، جھنگ، سرگودھا، چنیوٹ، پیر محل، گوجرہ، کوٹ مومن، جڑانوالہ، ننکانہ صاحب، پنڈی بھٹیاں، رینالہ خورد، دریا خان اور گردونواح میں موسلا دھار بارش ہوئی۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، مانسہرہ، ٹانک اور کئی شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، پشاور، کوئٹہ میں بادل برسنے کی نوید سنائی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21، دالبندین، گوادر اور لسبیلہ میں 29، جیونی اور تربت میں 30، نوکنڈی، پنجگور اور پسنی میں 28، جبکہ ژوب میں 20 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔