اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے 5 سال میں جتنے کام کیے، 65 سال میں بھی نہ ہوئے، بلوچستان اور سینیٹ میں جو کچھ ہوا جمہوریت اس کی متحمل نہیں ہوسکتی، کوشش ہے ملک میں شفاف الیکشن ہوں۔
شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آزادی اظہار رائے یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے، حکومت نے پہلے دن سے ہی آزادی صحافت کا فیصلہ کیا، طے کیا تھا کہ صحافیوں کیلئے کوئی سیکریٹ فنڈ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا 5 سال میں خفیہ فنڈز پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، صحافی بتائیں ہم نے ذمے داری پوری کی یا نہیں، حقائق پر مبنی رپورٹنگ ملک کیلئے اہم ہے، تنقید کے ساتھ مثبت چیزیں بھی سامنے لائی جانی چاہئیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں:ایل این جی معاہدوں پر الزام تراشی، وزیرِاعظم کا مناظرے کا چیلنج
وزیراعظم کا کہنا تھا میڈیا رپورٹس میں مثبت عنصر موجود ہونا چاہیئے، تنقید ضرور کریں لیکن اچھے کام بھی سامنے لائیں، کوشش رہی کہ صحافت پر کسی قسم کا دباؤ نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا ہتک عزت کے دعوے سے کسی کی صرف پگڑی اچھالی جاسکتی ہے، آج تک ہتک عزت کے کسی کے دعوے کی رقم کسی نے وصول نہیں کی، 2013 کے پاکستان کو بہت بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔