شاہد خاقان اور خورشید شاہ کی ملاقات میں نگران وزیراعظم پر ڈیڈ لاک ختم

Last Updated On 28 May,2018 11:50 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم کی تقرری پر ڈیڈ لاک ختم ہو گیا۔ وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر اور اسپیکر مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے، پریس کانفرنس سے پہلے شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ ایک اور ملاقات بھی کرینگے۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کوشش کر رہے ہیں کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے، وزیراعظم کے ساتھ ساڑھے 12 بجے مشترکہ پریس کانفرنس ہے، پریس کانفرنس سے پہلے وزیراعظم کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہو گی۔ انہوں نے کہا امید ہے پریس کانفرنس سے پہلے ایک نام پر اتفاق ہو جائے گا، سیاستدانوں کو خود فیصلہ کرنا چاہیے، کسی اور کو نہیں۔

ادھر سندھ اور کے پی اسمبلیاں آج تحلیل ہوجائیں گی۔ نگران وزیراعلیٰ کے حلف اٹھانے تک مراد علی شاہ کام جاری رکھیں گے جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا بھی آج آخری دن ہے۔ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوجائے گی، نگران وزیراعلیٰ بننے تک پرویز خٹک ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ وفاق، پنجاب اور بلوچستان کی اسمبلیاں 31 مئی کو تحلیل ہوں گی۔ 25 جولائی کو عوام اگلی حکومت کے چناؤ کیلئے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔