اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قبائلی علاقہ جات سے سینیٹر مرزا محمد آفریدی کی رکنیت کو کالعدم قرار دیدیا۔ نااہلی کا فیصلہ پنجاب سوشل سیکورٹی کو 17 لاکھ روپے واپس نہ کرنے پر دیا گیا۔
پنجاب سوشل سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ نے سینیٹر مرزا محمد آفریدی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکی تھی کہ وہ 17 لاکھ سے زائد کے نادہندہ ہیں۔ مرزا محمد آفریدی نے الیکشن کمیشن میں سوشل سیکورٹی کو 41 لاکھ کی ادائیگیوں کا ریکارڈ جمع کرایا تاہم واجب الادا 17 لاکھ کی ادائیگی ثابت نہیں ہو سکی۔ کمیشن نے اس بنیاد پر مرزا محمد آفریدی کی سینیٹ رکنیت ختم کر دی۔
یاد رہے کہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مرزا محمد آفریدی آزاد حیثیت سے ایوانِ بالا کے رکن منتخب ہوئے تھے تاہم تقریباً تین ماہ قبل سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا تھا۔