کراچی: (دنیا نیوز) نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار اور دیگر ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ محکمہ قانون نے نذیر بھنگوارکو نیا پراسیکیوٹر مقرر کر دیا۔ عدالت نے سب جیل کے خلاف اور راو انوار کی بی کلاس کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، مقدمے کے پراسیکیوٹرعلی رضا نے دھمکیوں کے باعث پیروی سے انکار کیا تو محکمہ قانون نے نذیر بھنگوار کو نیا پراسیکیوٹر مقرر کر دیا۔ ادھر مقتول نقیب کے والد خان محمد نے ندیم ایڈوکیٹ کو اٹارنی مقرر کر دیا۔ کہا ہر سماعت پر وزیرستان سے آنا ممکن نہیں، ندیم ایڈوکیٹ اب میری نمائندگی کریں گے۔
عدالت میں راؤ انوار، ڈی ایس پی قمر احمد اور دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا۔ بند کمرے میں کیس کی سماعت ہوئی۔ راؤ انوار کیلئے ملیر کینٹ میں ملتان لائینز کو سب جیل قراردینے کیخلاف درخواست پر وکلا نے دلائل دیئے۔ عدالت نے سب جیل کے خلاف اور راؤ انوار کی بی کلاس کی درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کر لیا جس کا فیصلہ 6 جون کو سنایا جائے گا۔
دوسری طرف نقیب اللہ کے والد اور جرگہ عمائدین نیب آفس پہنچ گئے جہاں انہوں نے راؤ انوار کیخلاف غیر قانونی اثاثہ جات سے متعلق درخواست دائر کردی۔