پنجاب: 3 سال میں 302 خطرناک دہشتگرد ہلاک، 513 گرفتار ہوئے، رپورٹ وزارتِ داخلہ کو ارسال

Last Updated On 24 May,2018 04:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بڑؕے پیمانے پر اقدامات کئے گئے جن کی 3 سالہ رپورٹ حکومت پنجاب نے وزارت داخلہ کو ارسال کر دی۔ پنجاب میں 4726 انٹیلی جنس آپریشن میں 302 خطرناک دہشت گرد مارے گئے، 513 دہشت گرد گرفتار ہوئے۔ دہشت گردی پھیلانے میں ہمسایہ ملک کی دہشت گرد انٹیلی جنس ایجنسی راء سمیت دیگر دشمن ملک ایجنسیاں ملوث رہیں۔

پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کئے جانیوالے اقدامات کی رپورٹ مرتب کر لی۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا، پاک فوج، پاک رینجرز سمیت تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مشترکہ کارروائیوں میں تین سال کے دوران 4726 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 302 خطرناک دہشت گرد ہلاک ہوئے، 513 خطرناک دہشت گرد گرفتار، 341 کو سزائیں سنائی گئیں۔


تین سال کے آپریشن میں دہشت گردی کا 80 فیصد تک خاتمہ کیا گیا، القاعدہ، لشکر جھنگوی، داعش کے دہشت گرد ہلاک ہو ئے، گرفتار دہشت گردوں سے 456 کلوگرام باررودی مواد، 349 گرنیڈز، 28 خودکش جیکٹس،31 راکٹ برآمد کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں دہشت گردی کو سپورٹ کرنے پر 103کیس درج کئے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہشت گردی پھیلانے میں ہمسایہ ممالک کی راء سمیت دیگر ملک دشمن ایجنسیاں ملوث رہیں اور بدامنی پھیلانے کے لئے اقدامات کرتی رہیں۔