سرگودھا: ڈمپر اور رکشا میں خوفناک تصادم، 8 افراد جاں بحق

Last Updated On 20 May,2018 10:18 pm

سرگودھا: (دنیا نیوز) سرگودھا کے علاقہ پل گیارہ میں ڈمپر اور رکشا میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد روڈ پر تیز رفتار ڈمپر ٹرک اور رکشا کے مابین المناک حادثے میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے حادثہ 110 جنوبی کے قریب افطاری سے کچھ دیر قبل پیش آیا۔

مرنے والوں میں رکشا ڈرائیور سیف اللہ ، جنتاں بی بی، طالب حسین، امتیاز، محمد اکبر، سہیل شامل ہیں۔ جبکہ زخمیوں عبدالرحمان، محبوب حسین اور علی حسنین شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ حادثہ ڈمپر ٹرک کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، تاہم تفتیش میں پولیس مصروف عمل ہے۔ ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہیں۔