آواران: (دنیا نیوز) پاک فوج نے گیسٹرو کے شکار بلوچستان کے ضلع آواران میں ریلیف آپریشن شروع کر دیا۔ میڈیکل ٹیم مریضوں کا معائنہ اور ادویات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ عوام میں پینے کا پانی اور راشن بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے آواران میں گیسٹرو کی وبا پھوٹنے پر پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، خصوصی میڈیکل ٹیم ادویات کے ہمراہ آوران پہنچ گئی۔ جن مریضوں کی حالت زیادہ خراب تھی انہیں فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے حب پہنچا دیا گیا ہے۔
پاک فوج کی جانب سے مقامی آبادی میں ہزاروں لٹر پینے کا صاف پانی، ٹینکیاں، مچھردانیاں اور راشن بھی تقسیم کیا گیا ہے۔ ریلیف آپریشن بلوچستان حکومت کی درخواست پر شروع کیا گیا ہے۔ علاقے میں ہیلی کاپٹر سروس بھی تا حال جاری ہے۔