اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قومی سلامتی کانفرنس اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے بعد کی گئی نیوز کانفرنس کا ویڈیو ڈیٹا پی ٹی وی کے ریکارڈ سے ڈیلیٹ کر دیا گیا، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے تمام عمل اپنی نگرانی میں کروایا۔
وزیراعظم کی نیوزکانفرنس کا تمام ریکارڈ صرف وزیراطلاعات کے پاس ہے، شاہد خاقان عباسی نے گذشتہ روز قومی سلاتی کانفرنس کی صدارت کی اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔ بعد ازاں نیوز کانفرنس کی جس کا مقصد نوازشریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر موقف دینا تھا۔ تاہم حیرت انگیز صورتحال جو پیش آئی وہ وزیراعظم کی نیوزکانفرنس کا ویڈیو ڈیٹا پی ٹی وی کے ریکارڈ سے ڈیلیٹ کروانا تھا۔
وزیراعظم کی نیوزکانفرنس کے بعد پی ٹی وی کے عملے کو وزیراعظم آفس میں روک لیا گیا، پی ٹی وی عملے سے وزیراعظم کی نیوزکانفرنس کی ڈی وی ڈیز تیار کرائی گئیں جس کے بعد کیمرہ کی ریکارڈنگ ڈیلیٹ کرائی گئی، ڈی وی ڈیزتحویل میں لینے کے بعد پی ٹی وی عملے کو جانے کی اجازت دی گئی۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے تمام عمل اپنی نگرانی میں کرایا۔ وزیراعظم کی نیوزکانفرنس کا تمام ریکارڈ صرف وزیراطلاعات کے پاس ہے۔