اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف اپنےارکان پارلیمنٹ کو سینیٹ اور اسمبلی میں احتجاج کا کہہ دیا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کہتے ہیں کہ حکومت نے یوم مئی پر مزدوروں کا مذاق اڑایا ہے۔
پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف پیپلزپارٹی کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ظالمانہ اقدام سے مہنگائی کا طوفان بے قابو ہونے کے خدشے کا اظہار کیا اور حکومتی اقدام کے خلاف پارلیمنٹ میں احتجاج کا اعلان کردیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ پیٹرول مہنگا ہونے سے مہنگائی اور کم آمدنی والوں کی مشکلات بڑھیں گی، حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، پیپلزپارٹی کے اراکین پارلیمان میں احتجاج کریں۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یوم مئی پر اضافہ کر کے حکومت نے مزدوروں کا مذاق اڑایا، اس پری بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ حکومت اپنی کمزور اور ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے۔