اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان نے چار حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان نے آئندہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے ایک اور پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا، چوتھے حلقے کا فیصلہ مقامی پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے مشروط کر دیا۔
سابق وزیرِ داخلہ کے ترجمان کے مطابق چودھری نثار سے این اے انسٹھ سے تعلق رکھنے والے ستائیس یونین کونسلز کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری نثار نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ الیکشن میں راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ انسٹھ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی دس، پی پی چودہ سے امیدوار ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ وہ این اے تریسٹھ ٹیکسلا واہ سے بھی الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں، مگر اس کا حتمی فیصلہ مقامی پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کروں گا۔
ترجمان کے مطابق این اے انسٹھ کے بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے حلقے کی خدمات اور قومی سیاست میں چودھری نثار کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی سیاست اور ان کا کردار حلقہ پوٹھوہار کے عوام کے لئے باعث افتخار ہے۔ ہر ووٹر ان سے اپنی وابستگی پر فخر محسوس کرتا ہے۔ وفد اراکین نے یقین دلایا کہ چودھری نثار علی خان نے جس بھی پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا عوام انھیں ریکارڈ کامیابی دلائیں گے۔