راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) تحریک انصاف کے رہنماؤں اور چودھری نثار کے درمیان بیک ڈور رابطے شروع ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ چودھری نثار کی تحریک انصاف میں شمولیت متوقع ہے۔
عمران خان کی جلد سابق وزیر داخلہ کیساتھ ان کے گھر میں ملاقات کا امکان ہے، ملاقات کے بعد وہ پی ٹی آئی میں شامل ہو جائینگے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی چودھری نثار سے دو ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے سنئیر رہنما ڈاکٹر عارف علوی بھی سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے چکے ہیں۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ میں چوہدری نثار کو پارٹی میں آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ چوہدری نثار اچھے آدمی ہیں برے لوگوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ن لیگ اس لیے گھر کی لونڈی بنی ہے کیونکہ انہوں نے متنازع قانون بنائے۔
عارف علوی نے کہا ن لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کو صحیح ڈر ہے کہ اگلی حکومت ان کی نہیں ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلی حکومت تحریک انصاف بنائیگی۔