لاہور پارکنگ کمپنی اسکینڈل، ملزمان کا 15 روزہ ریمانڈ منظور

Last Updated On 27 April,2018 02:56 pm

دنیا نیوز 20 اکتوبر کو پنجاب میں 56 کمپنیز اسکینڈل منظر عام پر لایا

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پارکنگ کمپنی سے متعلق کئی اہم انکشافات سامنے آئے۔ پارکنگ کمپنی میں مبینہ کرپشن کودنیا نیوز نے بے نقاب کیا، کرپشن میں مبینہ طور پر ملوث 5 افراد کی نشاندہی کی گئی۔

دنیا نیوز 20 اکتوبر کو پنجاب میں 56 کمپنیز اسکینڈل منظر عام پر لایا۔ پارکنگ کمپنی سکینڈل میں چیف ایگزیکٹو آفیسر تاثیر احمد، چیف فنانشل آفیسرعثمان قیوم، جنرل مینیجر فیضان ولی، مینیجراکاؤنٹس سعد رفیق ملزمان میں شامل ہیں۔

احتساب عدالت میں نیشنل ٹیکنالوجی گروپ کے سی ای او فیصل راؤ پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے پارکنگ کنٹریکٹ گرین پارک اور این ٹی جی گروپس کو نوازا، دبئی پارکنگ کمپنی کا نام استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ٹھیکہ دیا گیا۔ گرین پارک، دبئی گرین پارک، این ٹی جی اور ان پارکس  کمپنی معاملے میں شامل ہیں۔ کمپنیوں نے سائٹ ڈویلپ کئے بغیر ہی کام شروع کر دیا۔

عدالت نے ملزمان کا 15 روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔