کیمسٹ ایسوسی ایشن کی آج صوبے بھر میں ہڑتال، متعدد میڈیکل اسٹور بند، مریض خوار

Last Updated On 26 April,2018 10:21 am

لاہور کے بعد قصور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، چشتیاں، پیر محل، وہاڑی، صادق آباد میں بھی میڈیکل اسٹورز مالکان نے شٹر گرا لئے

 

لاہور: (دنیا نیوز) آل پاکستان کیمسٹ ایسوسی ایشن نے آج پنجاب بھر میں ڈرگ ایکٹ 2017ء کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ متعدد میڈیکل اسٹور بند ہونے کے باعث مریض خوار ہو گئے۔

میڈیکل سٹور مالکان ڈرگ ایکٹ 2017ء کیخلاف آج ہڑتال کر رہے ہیں۔ ہڑتال کی کال پر لاہور میں میڈیکل سٹورز والے دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئے، ایک دھڑے نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے باوجود متعدد میڈیکل اسٹور بند ہونے سے مریض خوار ہو گئے۔

سروسز ہسپتال کے باہر میڈیکل اسٹور بند ہیں۔ میو اور گنگارام ہسپتالوں کے باہر چند میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔ کیمسٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت ڈرگ ایکٹ 1976ء بحال کرے۔ آل پاکستان کیمسٹ ایسوسی ایشن نے پریس کلب کے باہر 12 بجے احتجاج کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

ادھر ملتان میں ڈرگسٹ اور کیمسٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017ء کے خلاف غیر معینہ مدت کے لیئے ہڑتال کر دی ہے جس کے باعث ادویات کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔ جبکہ مریض اور ان کے لواحقین رل گئے ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے ڈرگ ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کے خلاف قصور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، چشتیاں، پیر محل، وہاڑی، صادق آباد میں بھی میڈیکل اسٹورز مالکان کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث مریضوں اور انکے لواحقین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔