جماعت اسلامی کا خیبر پختونخوا حکومت کو خیرباد کہنے کا فیصلہ

Last Updated On 25 April,2018 09:19 pm

پشاور: (دنیا نیوز) الیکشن سے پہلے نئی صف بندی، جماعت اسلامی نے خیبر پختونخوا حکومت کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا، جے آئی کے رہنما مشتاق احمد نے تصدیق کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جماعتِ اسلامی نے خیبر پختونخوا حکومت سے بالاخر علیحدگی اختیار کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس بات کی تصدیق جے آئی کے صوبائی امیر مشتاق احمد نے بھی کر دی ہے۔

امیر جماعتِ اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد نے بتایا کہ آئندہ ہفتے صوبائی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کریں گے۔ حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ اختلافات نہیں بلکہ اچھی نیت سے کیا ہے۔

مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے وزراء آئندہ ہفتے اپنے تحریری استفے پیش کریں گے جبکہ جماعت اسلامی کے وزیرِ خزانہ آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہیں کرینگے بلکہ تحریکِ انصاف کے صوبائی وزیر پیش کرینگے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم علیحدگی کے بعد بھی حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ ہر مشکل گھڑی میں اس کے ساتھ ہوں گے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کی بحالی کے بعد حکومت سے علیحدگی وقت کا تقاضہ ہے۔