ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف، مریم نواز، محمد صفدر احتساب عدالت پیش

Last Updated On 09 April,2018 10:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت پیش ہو گئے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر جرح کر رہے ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر نواز شریف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا لوڈ شیڈنگ کا جواز تو نہیں ہے، بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ صحافی نے سوال کیا آپ کی وزیراعظم سے نگران سیٹ اپ پر مشاورت ہوئی ؟ جس پر نواز شریف نے جواب دیا مشاورت ہوئی ہے، اس سے زیادہ نہیں بتا سکتا، چوہدری نثار کی عیادت کے سوال پر نواز شریف مسکرا دیئے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا پچھلے چار سال ترقی کی رفتار رہی ہے، سیمنٹ کے پلانٹ کی استعداد بڑھائی جار ہی ہے، اس کا مطلب ہے کہ ترقی ہو رہی ہے، سٹیل انڈسٹری بھی ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا اس فیصلے کی وجہ سے ترقی کرتا پاکستان تنزلی کی طرف جا رہا ہے، روپے کی قیمت نیچے گر گئی ہے، غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔