اسلام باد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس نے جڑانوالہ میں 7 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جڑانوالہ میں 7 سالہ بچی مبشرہ کے ساتھ زیادتی اور بعد میں قتل کی میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ادھر 7 سالہ مبشرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔ پولیس نے جڑانوالہ سے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مبشرہ کے قتل میں تفتیش شروع کر دی ہے۔ دوسری طرف بچوں کے ساتھ بد فعلی سکینڈل میں ملوث مرکزی کردار بلا ڈان تاحال پولیس کے ہاتھ نہیں آ سکا ہے۔
یاد رہے کہ یکم اپریل کو جڑانوالہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ممکنہ آمد کے پیش نظر بنائے گئے ہیلی پیڈ کو دیکھنے کیلئے جانیوالی معصوم کمسن مبشرہ افضل وحشی درندوں کے ہاتھ لگ گئی تھی، جسے نامعلوم شیطان صفت ملزموں نے زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر کے نعش ویرانے میں پھینک دی جس کو جانوروں نے نوچ ڈالا تھا۔