جڑانوالہ(دنیا نیوز) جی سی یونیورسٹی کی طالبہ عابدہ احمد کے بہیمانہ قتل اور چھ سالہ مبشرہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے خلاف جڑانوالہ شہر میں آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے ۔
اندرون شہر تمام مارکیٹیں ،بازار اور کاروباری مراکز بند کر دئے گئے، رکشہ یونین نے جی ٹی ایس چوک روڈ بلاک کر کے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کے دوران شدید نعرے بازی کی۔ عابدہ اور مبشرہ کے بیہمانہ قتل پر پورے شہر کے کاروباری مراکز صبح سے ہی بند ہیں۔ پرائیوٹ اور سرکاری سکولوں میں بچوں کو زبردستی چھٹی کروا دی گئی تھی ۔ مظاہرین نے فیصل آباد روڈ بلاک کر دی جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا ہے ۔ مظاہرین نے شہر کے دیگر مختلف چوراہوں میں ٹائروں کو آگ لگا کر سڑکیں بلاک کر رکھی ہیں جوعابدہ اور مبشرہ کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔
بچوں کے ساتھ بدفعلی سکینڈل میں ملوث مرکزی کردار " بلا ڈاون " تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ پولیس کی نا اہلی کے خلاف شہریوں کے احتجاج میں وکلا ، کلرک،مذہبی جماعتوں کے نمائندوں، تاجروں اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک ہیں۔