اسلام آباد ہائیکورٹ: موبائل فون سروس کی سکیورٹی کے نام پر بندش غیر قانونی قرار

Published On 26 Feb 2018 03:36 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے موبائل فون کمنیوں اور شہریوں کی فریاد سن لی۔ عدالت نے موبائل فون سروس کی سکیورٹی کے نام پر بندش خلاف قانون قرار دیدی۔ عدالت عالیہ نے فیصلےمیں قرار دیا ہے کہ موبائل فون سروس کی بندش خلاف قانون اور اختیارات سے تجاوز ہے ، سکیورٹی کے نام پر بھی سروس معطل نہیں کی جا سکتی۔

درخواستگزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ اسلام آباد میں سکیورٹی کے نام پر موبائل فون سروس بند کر دی جاتی ہے، سروس کی بندش شہریوں کے بنیادی حقوق کی حق تلفی ہے، سروس کی بندش پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ 1996ء کی خلاف ورزی ہے۔ درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت کا موبائل فون سروس کی معطلی کا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے موبائل فون کمپنیوں اور شہری کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے موبائل فون سروس کی بندش کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 21 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔