ارسا نے موسم خریف میں پانی کی دستیابی اور تقسیم کے تخمینوں کی منظوری دے دی، سندھ اور بلوچستان کے درمیان پانی کا تنازعہ بھی حل ہو گیا، سندھ پانچ اپریل تک بلوچستان کو پانی فراہم کرے گا۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سندھ اور بلوچستان کے درمیان پانی کا تنازعہ حل کر لیا گیا ہے خریف کے سیزن میں 18 فیصد پانی کی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چیئرمین ارسا کی زیرصدرات اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم اپریل سے 30 ستمبر تک ملک کے دریاؤں میں 11 کروڑ ایکڑ فٹ پانی آئے گا جبکہ ڈیموں میں 7 کروڑ 60 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہونے امکان ہے۔ اس دوران صوبہ پنجاب کو 3 کروڑ 30 لاکھ ایکڑ فٹ پانی فراہم کیا جائے گا، سندھ کو 3 کروڑ ایکڑ فٹ، کے پی کو 8 لاکھ اور بلوچستان کو 20 لاکھ ایکڑ فٹ پانی فراہم کیا جائے گا۔ ترجمان ارسا نے امید ظاہر کی ہے کہ موسم خریف کے آخری حصے میں پانی کی کمی ختم ہو جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبوں کو ان کی ضرورت کے مطابق، پانی مہیا کیا جائے گا اور اس فیصلے کا اطلاق آج سے ہو گا۔