ارسا کی ٹیکنیکل کمیٹی نے خریف سیزن میں دریائوں میں پانی کی دستیابی سے متعلق سفارشات تیار کرلیں
اسلام آباد ( روزنامہ دنیا ) ارسا کی ٹیکنیکل کمیٹی نے خریف سیزن میں دریائوں میں پانی کی دستیابی سے متعلق سفارشات تیار کرلیں ، سفارشات منظوری کیلئے 31 مارچ کو ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی ۔ ارسا کی ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر آپریشنز ارسا خالد رانا کی زیر صدارت ہوا جس میں خریف سیزن میں آبپاشی کیلئے پانی کی دستیابی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے نمائندوں سمیت واپڈا اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ارسا ایڈوائزری کمیٹی کیلئے سفارشات کو مرتب کیا گیا ۔ ارسا حکام کے مطابق خریف سیزن میں دریائوں میں 113 ملین ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہو گا تاہم اس میں دریائے سندھ پر 40 اور چناب پر 10 فیصد تک لاسز ہوسکتے ہیں ، خریف سیزن کے شروع میں 35 فیصد تک پانی کی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے جو وقت کے ساتھ کم ہوگی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت کے باعث پنجاب اور سندھ کو کٹوتی کا سامنا ہوسکتا ہے لیکن خیبر پختونخوا اور بلوچستان کٹوتی سے مستثنٰی رہیں گے ۔