2024: کے پی ہیلتھ کیئر کمیشن کی اتائیوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں

Published On 28 December,2024 11:50 am

پشاور: (دنیا نیوز) ہیلتھ کیئر کمیشن خیبر پختونخوا نے سال 2024 کے دوران صوبہ بھر میں انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔

ہیلتھ کیئر کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے سال بھر کے دوران صحت کی بہتری سہولیات کی عدم فراہمی پر 300 سے زائد ہسپتالوں، کلینکس اور دیگر طبی مراکز کو نوٹسزجاری کیے گئے جبکہ 711 سے زائد کلینکس کو سیل کیا گیا۔

سال بھر میں ایک سو سے زائد نجی ہسپتالوں کو لائسنس جاری کیے گئے جبکہ 4 ہزار 684 ہیلتھ کیئر سروسز کی رجسٹریشن کی گئی۔

حکام کے مطابق ہیلتھ کیئر کمیشن کو صوبہ بھر سے 885 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 802 شکایات کو حل کیا گیا جبکہ 82 شکایات پر کام جاری ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبہ میں انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ضرورت ہے، اتائیوں کے خلاف صوبہ بھر میں آپریشنز کے باوجود تاحال اس کاروبار کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاسکا۔

اداروں کی جانب سے غیر رجسٹرڈ مراکز صحت کے خلاف کارروائیاں اپنی جگہ درست ہیں تاہم انسانی جانوں سے کھیلنے والوں سے نمٹنے کےلیے سخت قانون سازی بھی ناگزیر ہے۔