کوئٹہ: (دنیا نیوز) سال 2024 امن ومان کے حوالے سے بلو چستان کیلئے اچھا ثابت نہ ہوا۔
رواں سال بلوچستان میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات میں درجنوں افراد جان سے گئے تو وہیں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کوجہنم واصل کیا۔
بلوچستان میں سال 2024 ءمیں دہشت گردی کے سب سے بڑے واقعات 26 اگست کی درمیانی شب پیش آئے جب دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل،قلات اور بولان میں 38 افراد کو نشانہ بنایا۔
اسی سال 10اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ضلع دکی میں نہتے مزدوروں کو نشانہ بناتے ہوئے 21 افراد کو بے دردی سے قتل کیا جبکہ 9 نومبر کی صبح کوئٹہ ریلوے اسٹیشن خودکش حملہ کے نتیجے میں خون سے رنگ گیا جس میں 30 افرادجان کی بازی ہار گئے۔
اعداد وشمار کے مطابق صوبے میں رواں سال دہشت گردی کی کارروائیوں میں 17فیصد اضافہ دیکھا گیا، دہشت گردی کے واقعات میں مجموعی طورپر 296 افراد جاں بحق جبکہ 596 سے زائد زخمی ہوئے، شہداء میں 114 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
سال 2024 بلوچستان کے امن و امان کی صورتحال پر ایک سوالیہ نشان لگا کر رخصت ہونے کو ہے، دیکھنا یہ ہے کہ حکومت کس طرح آنے والے سال میں دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کرتی ہے تاکہ عوام بے خوف وخطر زندگی بسر کرسکیں۔