سندھ میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا 16 دسمبر سے آغاز

Published On 12 December,2024 01:21 am

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا 16 دسمبر سے آغاز ہوگا، صوبے بھر میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے بارے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں 16 دسمبر سے شروع ہونے والی سات روزہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکرٹری صحت ریحان اقبال بلوچ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف کے نمائندے اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے کوآرڈینیٹر ارشاد علی سودھر نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔

چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے ہر بچے کو ویکسین دینا انتہائی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ مہم میں 80 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لیں گے اور صوبے کے تمام بس ٹرمینلز پر پولیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ سفر کرنے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔