لاہور : (دنیانیوز) موسم بدل گیا لیکن ڈینگی کے وار نہ تھم سکے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر سے مزید95 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہا ہے کہ لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 13ہزار 781 جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک سال کے دوران ڈینگی کے 6213 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں گزشتہ روز ایک،گوجرانوالہ میں 12، ملتان میں 10 اور فیصل آباد میں 7 نئے ڈینگی مریض سامنے آئے، اسی طرح اوکاڑہ اور بہاولپور میں ڈینگی کے 3،3 ساہیوال میں 2 ،شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، خانیوال اور حافظ آباد میں ڈینگی کا ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
علی جان خان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 102 مریض زیر علاج ہیں، جبکہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 60 مریض داخل ہیں۔
حکام محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں،ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔