پولیو کے خاتمے کیلئے قومی مہم کا آج سے آغاز

Published On 02 October,2023 09:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) پولیو کے خاتمے کیلئے قومی مہم کا آغاز آج سے ہورہاہے ، سندھ، بلوچستان ، پنجاب کے شہروں راولپنڈی اور فیصل آباد میں مہم 7 روز تک جاری رہے گی جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع سمیت خیبرپختونخوا میں دورانیہ 5 دن ہو گا۔

سربراہ انسداد پولیو پروگرام کے مطابق مہم میں 2 لاکھ 4 ہزار کے قریب پولیو ورکرز حصہ لیں گے، مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 2 کروڑ 12 لاکھ 60 ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم میں حصہ لینے والے عملے میں 16 ہزار 575 ایریا انچارج شامل ہیں، پولیو مہم میں 3 ہزار 985 یونین کونسل میڈیکل آفیسر، 1 لاکھ 69 ہزار پولیو کے خاتمے کی گشتی ٹیموں کے اراکین، مستقل مقامات پر قطرے پلانے والے 4 ہزار 868 کارکن اور داخلی راستوں پر فرائض سرانجام دینے والے 2 ہزار 700 کارکنان بھی شامل ہوں گے۔

پنجاب 

پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیو مہم شروع ہوگئی ،  ملتان ڈویژن کی 393 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم 2 اکتوبر تا 6 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

ملتان ڈویژن میں10829 ٹیمیں25  لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی ، اس حوالے سے کمشنر ملتان کا کہنا تھا کہ پولیو فری پاکستان کیلئے والدین کا تعاون ناگزیر ہے، پولیو قطرے پلانے سےانکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

کمشنر ملتان کاکہنا ہے کہ جنرل بس ، ریلوے اسٹیشن اور ائر پورٹ سٹینڈ سمیت عوامی مقامات پر پولیو کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہورہا ہے، ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق انسداد پولیو مہم 2 مرحلوں میں شروع کی جا رہی ہے۔

پہلے مرحلے میں پشاور، کوہاٹ، مردان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، اس مہم میں 74 لاکھ 78 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

دوسرا مرحلہ 9 اکتوبر سے بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن میں شروع ہوگا، انسداد پولیو مہم کےلیے 34 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان بھر میں 7روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہورہاہے ، بلوچستان بھر میں شروع ہونیوالی پولیو مہم میں5سال تک کی عمرکے 24 لاکھ 44ہزارسے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

انسداد پولیو مہم کی تیاریاں مکمل ہیں ، مہم میں 10 ہزار سےزائد ٹیمیں حصہ رہی ہیں جبکہ مہم میں بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔

سندھ

سندھ کے 30 اضلاع میں روزہ انسدادِ پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر تقریباً ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو کی قومی مہم کا آغاز کیا تھا۔

انسداد پولیو کی مہم کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2023 کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم 2 اکتوبر سے ملک بھر میں شروع ہو رہی ہے ، پولیو کا کوئی علاج نہیں اور صرف پولیو ویکسین ہی بچوں کو مستقل معذوری سے بچا سکتی ہے ۔

انہوں نے والدین، سول سوسائٹی، اساتذہ، علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز پر زور دیا کہ وہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں ۔