واشنگٹن: (دنیا نیوز) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تحقیقاتی ٹیم کورونا کی ابتدائی تحقیقات کیلئے چین جائے گی، ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کی ابتدائی تحقیقات کیلئے چین سے مکمل تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کورونا کی ابتدائی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی ٹیم کو چین روانہ کریں گے، کورونا وائرس کی وباء کو 3 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ وائرس کس طرح شہریوں میں منتقل ہوا، کورونا وائرس کا پہلا کیس 2019ء کے آخر میں چین کے شہر ووہان میں سامنے آیا تھا۔
ٹیڈروس ایڈہانوم نے مزید کہا ہے کہ دنیا اب تک کورونا وائرس وبا کے آغاز کا یقینی تعین کرنے میں ناکام رہی ہے، اب تک اس حوالے سے 2 خبریں ہیں، ایک تو یہ کہ کسی لیبارٹری سے کورونا وائرس لیک ہوا اور دوسرا یہ کہ کسی جنگلی جانور سے یہ انسانوں میں منتقل ہوا۔