لاہور : (دنیانیوز) پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 70 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
سیکرٹری ہیلتھ لاہور کے مطابق رواں سال پنجاب کے 36اضلاع میں ڈینگی کے 1415 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، لاہور میں گزشتہ روز36 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد رواں سال لاہور میں 542 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے ۔
سیکرٹری صحت کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ روز 17 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد رواں سال ڈینگی کے کل 260 مریض رپورٹ ہوئے ۔
سیکرٹری صحت کے مطابق فیصل آباد میں گزشتہ روز 5 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ، جس کے بعد رواں سال فیصل آباد میں ڈینگی کے کل مریضوں کی تعداد 109 ہوگئی ، ملتان میں گزشتہ روز 9 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔
سیکرٹری صحت پنجاب نے بتایا ہے کہ گوجرانوالہ میں ڈینگی کے 4، شیخوپورہ اور گجرات میں 2، 2 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مظفرگڑھ اور سرگودھا میں ڈینگی کا ایک، ایک نیا مریض سامنے آیا۔
سیکرٹری صحت کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 77 مریض زیر علاج ہیں جن کی حالت تسلی بخش ہے ، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 31 مریض زیر علاج ہیں ۔
پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 2678 بیڈ مختص کئے گئے ہیں ، صوبے کے ہسپتالوں میں 71 بیڈز ڈینگی مریضوں کے زیر استعمال ہیں ۔
سیکرٹری صحت لاہور کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں ، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔