اپسالا: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ جنک فوڈ کھانا ہماری گہری نیند کیلئے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
جرنل اوبیسٹی میں شائع ہونے والی تحقیق میں صحت مند افراد کے کھانے کے ان کی نیند پر ہونے والے اثرات کے متعلق مطالعہ کیا گیا، تحقیق میں 15 افراد نے شرکت کی اور معمول کی ترتیب سے غیر صحت مند اور صحت مند غذائیں کھائیں۔
محققین نے مطالعے میں دیکھا کہ وہ افراد جنہوں نے جنک فوڈ کھایا تھا ان کی گہری نیند کا معیار ان افراد کی نسبت بد تر تھا جنہوں نے صحت مند غذا کھائی تھی۔
سوئیڈن کی اپسالا یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جوناتھن سیڈرنیس کا کہنا تھا کہ خراب غذا اور خراب نیند عوامی صحت کے متعدد مسائل کے خطرات میں اضافہ کرتا ہے، جس طرح ہم جو بھی کھاتے ہیں وہ ہماری صحت کیلئے بہت اہم ہوتا ہے، اس ہی طرح محققین کا خیال تھا کہ اس بات کا مطالعہ دلچسپ ہوگا کہ آیا ہماری غذا ہماری نیند پر اثرات مرتب کر سکتی ہے کہ نہیں۔
تحقیق میں نارمل نیند لینے والے 15 افراد کے ایک گروپ نے سلِیپ لیبارٹری (نیند کی تجربہ گاہ) میں وقت گزارا اور تمام افراد نے ایک ہفتے تک مختلف غذائیں کھائیں، اس دوران ان کی نیند، سرگرمی اور کھانے کے معمول کی نگرانی کی گئی۔
ڈاکٹر جوناتھن کا کہنا تھا کہ محققین نے دیکھا کہ شرکاء نے جب دو کھانے کھائے تب ان کی نیند کی مقدار برابر تھی، ساتھ ہی دو کھانے کھانے کے بعد شرکاء نے نیند کے مختلف مراحل میں برابر مقدار میں نیند لی۔
انہوں نے بتایا کہ محققین بالخصوص ان افراد کی گہری نیند کی خصوصیات جاننے میں دلچسپی رکھتے تھے، سائنس دانوں نے خاص طور پر تیسرے مرحلے کی نیند کا مشاہدہ کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جن افراد نے جنک فوڈ کھایا تھا ان کی نیند صحت مند غذا کھانے والوں کی نسبت کم گہری نیند تھی۔
ڈاکٹر جوناتھن نے بتایا کہ یہ اثر دوسری شب ویسا ہی کھانا کھلانے کے بعد بھی برقرار رہا، درحقیقت غیر صحت مند غذا کمزور گہری نیند کا سبب بنی، واضح رہے نیند میں یہ تبدیلیاں عمر بڑھنے اور بے خوابی کے نتیجے میں بھی ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیند کو سامنے رکھتے ہوئے اس سے یہ بات سمجھی جا سکتی ہے کہ ایسی کیفیات میں زیادہ اہمیت غذا کو دینی چاہئے۔