کراچی: (دنیا نیوز) کانگو وائرس کا شکار مریض انتقال کرگیا, وزارت صحت سندھ نے تصدیق کردی۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو نے بتایا کہ 28 سالہ مریض محمد عادل کا تعلق لیاقت آباد کراچی سے تھا اور ضیاء الدین ہسپتال میں زیر علاج تھا آغا خان ہسپتال سے کروائے گئے میڈیکل ٹیسٹ میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کانگو کا مریض تیز بخار، سر، کمر درد کی شکایت سے ضیاء الدین ہسپتال ناظم آباد میں 4 مئی کو آیا تھا مذکورہ مریض کے نمونے تصدیق کے لیے آغا خان لیبارٹری بھیجے گئے تھے متاثرہ شخص میں کانگو کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص لیاقت آباد کا رہائشی اور قصاب کی دکان پر کام کرتا تھا 30 اپریل کو مریض کو بخار اور سر درد ہوا جس کے لیے اس نے گھر پر پیراسیٹامول گولیاں لیں 2 مئی کو مریض کو بہت تیز بخار ہو گیا ،مریض کی ناک سے خون بھی بہہ رہا تھا ابتداء میں ڈینگی اور ملیریا کی رپورٹ منفی آئی۔
4 مئی کو مریض کی حالت بگڑ گئی اسے ضیاءالدین ہسپتال نارتھ ناظم آباد کراچی میں داخل کرایا گیا اور انتہائی نگہداشت میں علاج کیا گیا جس کے باوجود مریض انتقال کر گیا۔