سردیوں میں جلدی امراض سے محفوظ کیسے رہا جائے

Published On 07 January,2023 09:08 am

نیویارک : (ویب ڈیسک ) سردیوں میں اکثر افراد کو خشکی اور خارش کی وجہ سے جلد کے مسائل کا سامنا رہتا ہے اور جلد کی بیشتر بیماریوں کے علاج میں احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ۔

سرد اور خشک موسم میں جلد سے متعلق شکایات میں اضافہ ہوجاتا ہے، سرد موسم  آتے ہی جہاں  ہم مختلف تقریبات میں مصروف ہوجاتے ہیں وہیں ہماری جلد بُری طرح نظر انداز اور موسمی اثرات کے باعث متاثر ہوتی ہے۔

ماہرین جِلد کے مطابق موسم سرما میں بیشتر مریض’ کیراٹوسس پیلاریس‘ (Keratosis pilaris) نامی بیماری کا شکار ہوجاتے ہیں ، اسے عام زبان میں ’چکن اسکِن‘ یا ’اسٹرابیری اسکِن‘ بھی کہتے ہیں ، اس بیماری میں ہیر فولیکل میں بیکٹیریا، چکنائی اور ڈیڈ اسکِن جم جاتی ہے اور اس کے باعث جِلد پر گہرے دھبے نمایاں ہوجاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ عام طور سے جینیاتی مرض ہے جو ہیر فولیکل کے بند ہونے کے باعث بالوں کی نشونما میں مسائل کا سبب بنتا ہے۔

ماہرین کا کہناہے کہ جن افراد کو ان مسائل کا سامنا ہو یا اس مرض میں مبتلا ہوں تو انہیں اپنا طرز زندگی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، جلد کے کھردرے پن کو دور کرنے کے لیے لوشن کا استعمال لازمی کرنا چاہئے اس کے علاوہ پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہئے۔

ماہرینِ صحت کے مطابق سردیوں میں مالٹے، سنگترے، گاجر، مولی اور دیگر موسمی پھلوں سے بھی جسم میں پانی کی کمی پوری کی جاسکتی ہے ، اگرچہ گرمیوں میں نمی کی وجہ سے یہ مسئلہ بہتر تو ہو جاتا ہے لیکن اس کے نشان اور خشک جلد ہمیشہ موجود رہتی ہے، اس سے بچاؤ کے لئے گرم غسل کریں اور نہانے کے دورانیے کو محدود کردینا چاہئیے ۔