لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سینکڑوں نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں ڈینگی سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، دادو، سانگھڑ اور کراچی میں مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، کراچی میں جاں بحق ہونیوالے شخص کا تعلق ضلع کورنگی سے ہے جبکہ سندھ میں رواں برس جاں بحق افراد کی تعداد 41 ہو گئی ہے۔
24 گھنٹوں میں سندھ میں 386 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 314 کا تعلق کراچی سے ہے، رواں سال سندھ میں 11 ہزار 947 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سے ڈینگی کے 351 مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 100، لاہور سے 89 جبکہ گوجرانولہ سے 60 کیسز رپورٹ ہوئے، ملتان سے 24، خانیوال سے 11 اور فیصل آباد سے 8 کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹک سے 7، حافظ آباد، مظفرگڑھ اور قصور سے 6 جبکہ شیخوپورہ سے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اوکاڑہ سے 4 ،قصور، گجرات، نارووال اور چکوال سے تین تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رواں سال کے دوران پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی کے 8383 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، لاہور سے ڈینگی کے کل 3496 کیسز سامنے آئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے باعث 1 ہلاکت لاہور سے رپورٹ ہوئی، اب تک پنجاب بھر میں ڈینگی بخار سے 12 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔