لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں انسداد ڈینگی مہم پر مناسب توجہ نہ دیا جانا ستم ڈھانے لگا، ماہرین نے آنے والے دنوں میں صورت حال کے مزید سنگین ہونے کے خدشات ظاہر کردئیے۔
کورونا کی طرف سے قدرے سکھ کا سانس نصیب ہوا ہے تو ڈینگی کے عفریت نے سر اُٹھا لیا ہے۔ رواں سیزن کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے تقریباً 5 ہزار مریض رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے لگ بھگ 3 ہزار 8 سو مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔ یہ اعدادوشمار لاہور میں ڈینگی کی صورت حال کو بخوبی ظاہر کررہے ہیں۔
صورت حال یہ ہوچکی ہے کہ ابھی سے لاہور کے 13 بڑے ہسپتالوں میں سے سات ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے مختص بستر بھر چکے ہیں۔ اِس تناظر میں یہ بھی قرار دیا جارہا ہے کہ اِس مرتبہ متعلقہ اداروں کی طرف سے انسداد ڈینگی مہم کو کسی حد تک نظر انداز کیا گیا، اگرچہ حکام اِس کی تردید کرتے ہیں۔
حالات میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ ہرشہری انسداد ڈینگی مہم کا حصہ بنے۔