پشاور کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری

Published On 01 October,2021 12:04 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، دو بڑے ہسپتالوں میں دو سو سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 134 بیڈز پر کورونا سے متاثرہ مریض زیرعلاج ہیں، ہسپتال میں کورونا کے 25 مریض وینٹیلیٹرز پر زیرعلاج ہیں جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 13 نئے مریضوں کو داخل کیا گیا۔

ہسپتال میں دوران علاج کورونا سے متاثرہ ایک مریض جاں بحق ہو گیا، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں81 بیڈز پر کورونا کے مریض داخل ہیں جن میں 19 مریض انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہیں۔

کورونا سے متاثرہ 37 مریض ایچ ڈی یو پر زیر علاج، ہسپتال میں کم مقدار آکسیجن پر 26 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ مزید 3 کورونا کے مریضوں کو داخل کیا گیا، انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں کورونا کے صرف 40 بیڈز خالی رہ گئے ہیں۔