یکم اکتوبر سے اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور سمیت 8 شہروں میں پابندیاں نرم

Published On 29 September,2021 12:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے یکم اکتوبر سے اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور سمیت 8 شہروں میں پابندیاں نرم کر دیا۔ اسد عمر نے کہا کہ ان ڈور اجتماعات میں 300 اور آؤٹ دور میں ایک ہزار افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی، ویکسی نیٹڈ افراد کیلئے ہفتے میں سات دن ریسٹورنٹس اور مزارات اوپن ہونگے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) اسد عمر نے ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی اجلاس میں ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا، دنیا سمجھ چکی ہے اس وبا سے نکلنے کا طریقہ ویکسی نیشن ہے، بندشوں کا فیصلہ وبا کا پھیلاؤ دیکھ کر کیا جاتا ہے، یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن کی بنیاد پر بندشیں لگیں گی، 40 فیصد سے کم ویکسی نیشن والے علاقوں میں بندشیں لگائی جائیں گی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ 8 شہروں کی بندش میں کمی کرنے جا رہے ہیں، ان شہروں میں اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، میرپور، مظفرآباد، گلگت اور سکردو شامل ہیں، اجتماع میں افراد کی تعداد 200 سے 300 کی جا رہی ہے، مزارات، سینما گھر ویکسی نیٹڈ افراد کیلئے کھولے جائیں گے، کورونا سے بچاؤ کا واحد طریقہ ویکسی نیشن ہے، ابتک آٹھ کروڑ افراد کی ویکسین لگوا چکے ہیں، یکم اکتوبر سے ویکسین نہ لگانے والے افراد پر زیادہ پابندیاں لگائی جائیں گی۔