فیصل آباد: جنرل ہسپتال سمن آباد کے گائنی وارڈ میں ڈاکٹرز کی کمی، مریضوں کو مشکلات

Published On 26 January,2021 09:18 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کے گائنی وارڈ میں ڈاکٹرز کی کمی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

فیصل آباد میں گورنمنٹ جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں سہولیات کا فقدان، ڈاکٹرز کی کمی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی مبینہ غفلت کے باعث مریضوں کو دوسرے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کا رُخ کرنے پر مجبور کرنے کے انکشافات سامنے آ گئے۔ مریضوں کے لواحیقن کہتے ہیں ہسپتال میں مریضوں کا کوئی پرُ سانِ حال نہیں۔

شہری کہتے ہیں رات کے اوقات میں ہسپتال آنے والے گائنی مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کی بجائے دوسرے ہسپتالوں میں ریفر کر دیا جاتا ہے۔ البتہ معاملے پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر وسیم کا کہنا ہے کہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی انکوائری کے بعد کارروائیاں بھی عمل میں لائی جاتی ہیں۔

سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان اور بہتر سروسز میسر نہ آنے کی وجہ سے عام آدمی کیلئے علاج معالجہ کروانا بھی کسی امتحان سے کم نہیں۔