فیصل آباد: ایک اور شہری پولیس گردی کا شکار، مقدمہ درج، وزیراعلیٰ کا نوٹس

Published On 21 January,2021 12:06 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے بعد فیصل آباد میں بھی پولیس گردی، پٹرولنگ پولیس نے معمولی تلخ کلامی کے بعد تعاقب کر کے کار پر فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ چار اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا، تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

 گذشتہ رات جہانگیر موڑ کے قریب ناکے پر موجود پٹرولنگ اہلکاروں نے محمد وقاص کی گاڑی کو روکا، گاڑی کا ٹائر اہلکاروں کے پاوں پر آنے سے تلخ کلامی ہوئی۔ محمد وقاص خوف کے مارے ساتھیوں سمیت گاڑی پر فرار ہوا، پٹرولنگ اہلکاروں نے تعاقب کر کے فائرنگ کرتے ہوئے وقاص کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور قتل کو پولیس مقابلے کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

لواحقین کے احتجاج پر اے ایس آئی سمیت 4 اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، لیکن لواحقین نے پولیس ایف آئی آر کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعہ شامل کرنے اور واقعہ کی جوڈیشنل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

سی پی او فیصل آباد محمد سہیل چوہدری نے واقعے کی انکوائری کے لئے ایس پی اقبال ٹاون حافظ کامران کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب نے بھی معصوم شہری کے قتل پر واقعہ کا نوٹس لے کر میرٹ پر شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔