خیبرپختونخوا میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث آکسیجن کی قیمتوں میں اضافہ

Last Updated On 24 June,2020 08:27 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور اموات کے باعث آکسیجن کی مانگ میں اضافہ ہو گیا، پشاور کی مارکیٹوں میں آکسیجن کی قیمتوں میں اضافے سمیت بحران کے خدشات بھی پیدا ہو گئے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، آئے روز مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، متاثرہ افراد کی بڑھتی ہوئی شرح اور اموات میں اضافے کے باعث جہاں آکسیجن کی مانگ میں اضافہ ہوگیا تو وہیں قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

پشاورمیں دوہزار تک پریشر والے آکسیجن کے سلنڈر کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور قیمت ایک ہزار تک پہنچ گئی ہے، ایک ہزار تک پریشر رکھنے والے سلنڈر کی قیمت بھی ایک سو پچاس سے بڑھ کر تین سو روپے ہوگئی ہے، ڈیلروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پلانٹس بند رہتے ہیں جبکہ پنجاب سے بھی سپلائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آکسیجن سے سلنڈر بھرنے کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ بڑھتے ہوئے نرخوں کے باعث گھروں میں علاج کروانے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مارکیٹ میں جہاں آکسیجن کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے وہیں سلنڈروں کے ساتھ استعمال ہونے والے خصوصی گیج کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے اور 15 سو روپے میں ملنے والا گیج چھ ہزار روپے سے زائد میں فروخت ہورہا ہے۔